جہلم میں پارہ 46 ڈگری تک جا پہنچا، بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہری اذیت میں مبتلا

جہلم میں گرمی کی شدت میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا، درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھونے لگا۔ اس شدید گرمی میں آئیسکو اربن سب ڈویژن کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کو شدید اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔

بجلی کی بار بار آنکھ مچولی اور بغیر شیڈول بندش کے باعث شہری شدید ذہنی کوفت کا شکار ہیں۔ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے نہ صرف گھریلو معمولات زندگی کو درہم برہم کر دیا ہے بلکہ واٹر سپلائی کا نظام بھی بری طرح متاثر ہو گیا ہے۔

شہری پانی کی تلاش میں سڑکوں پر سرگرداں ہیں جبکہ بار بار ٹرپنگ اور وولٹیج کی کمی کے باعث لاکھوں روپے مالیت کی قیمتی الیکٹرانکس مصنوعات جیسے کہ فریج، اے سی، اور ٹی وی وغیرہ جلنے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اس جان لیوا موسم میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کسی عذاب سے کم نہیں۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ بجلی بندش کا کوئی شیڈول بھی جاری نہیں کیا گیا، جس سے عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

لوڈ شیڈنگ کے باعث نہ صرف گھروں بلکہ مساجد میں بھی پانی کی قلت پیدا ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے وضو کے لیے آنے والے نمازیوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

شہریوں نے آئیسکو چیف اسلام آباد، ایس ای آئیسکو سرکل جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لیا جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔

مزید برآں صارفین نے شکوہ کیا ہے کہ اربن سب ڈویژن کے شکایتی نمبر 0544-270027 پر کوئی اہلکار تعینات نہیں، جس سے بروقت شکایت درج کروانا ممکن نہیں۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ شکایتی نمبر پر فوری طور پر عملہ تعینات کیا جائے تاکہ صارفین کو بروقت آگاہی اور مدد فراہم کی جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button