جہلم: سی سی ڈی کی بڑی کارروائی، بین الاضلاعی منشیات فروش مافیا کے مرکزی ملزمان گرفتار، 60 کلو چرس برآمد

جہلم: کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (CCD) جہلم نے بین الاضلاعی منشیات فروش مافیا کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 60 کلوگرام چرس برآمد کرکے مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان سی سی ڈی جہلم کے مطابق منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ایک ٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم نے مرکزی ملزمان کو گرفتار کیا اور ان کے زیرِ استعمال گاڑی کی تلاشی کے دوران ڈیڑھ من (60 کلوگرام) چرس برآمد کرلی۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 68، مورخہ 12 اگست 2026ء، بجرم 9(1)3E/14/15/CNSA تھانہ CCD جہلم میں درج کر لیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جس کا مقصد منشیات کے اس نیٹ ورک میں شامل مقامی سہولت کاروں اور سپلائی لائن کا سراغ لگانا ہے تاکہ اس مکروہ دھندے میں ملوث دیگر عناصر کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق اعلیٰ حکام نے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ ضلع جہلم کی مستعدی اور کامیاب کارروائی کو سراہا ہے۔

ترجمان سی سی ڈی جہلم نے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے سے منشیات کی لعنت کے خاتمے اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے محفوظ پنجاب کے وژن کے تحت سخت اور مؤثر کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Exit mobile version