شہریوں، وکلاء اور عدالتی عملے کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے ڈسٹرکٹ کورٹس، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اور بخشی خانہ کا دورہ کرتے ہوئے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔

دورے کے موقع پر ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز، ایس ڈی پی او سٹی سرکل اور ڈسٹرکٹ سیکیورٹی آفیسر جہلم بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ڈی پی او نے عدالتوں کے داخلی و خارجی راستوں، سیکیورٹی ڈیوٹی، چیکنگ کے نظام، واک تھرو گیٹس، پولیس نفری اور دیگر حفاظتی انتظامات کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے ڈیوٹی پر موجود پولیس افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ ضلع کچہری میں امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے انتہائی مستعدی، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ انداز میں اپنے فرائض انجام دیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ کچہری کی عمارت میں داخل ہونے والے تمام افراد کی ایس او پیز کے مطابق مکمل تلاشی اور چیکنگ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، جبکہ سائلین، وکلاء اور عدالتی عملے کے ساتھ خوش اخلاقی، احترام اور بہترین رویہ اختیار کیا جائے۔

ڈی پی او شفیق احمد چوہدری نے بخشی خانہ کا بھی دورہ کیا اور وہاں موجود انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے انچارج گارڈ جوڈیشل کو ہدایت کی کہ زیرِ حراست قیدیوں کی حفاظت ہر صورت یقینی بنائی جائے اور انہیں مکمل سیکیورٹی کے ساتھ مقررہ ایس او پیز کے مطابق بحفاظت عدالتوں میں پیش کیا جائے۔

ڈی پی او نے کہا کہ ضلع کچہری کی فول پروف سیکیورٹی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ڈسٹرکٹ کورٹس کے اندر اور اطراف میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ پولیس پٹرولنگ میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایلیٹ فورس اور محافظ اسکواڈ کو بھی ہر ممکن ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں، وکلاء، عدالتی عملے اور سائلین کو محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔

Exit mobile version