جہلم پولیس نے ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر اور مشکوک افراد کے خلاف سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندیوں کے دوران متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ضلع بھر میں 15 مختلف مقامات پر سرچ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 395 افراد، 117 گھروں اور 13 ہوٹلوں و بس اسٹینڈز کی چیکنگ کی گئی۔
پولیس کے مطابق دوران سرچ آپریشن تھانہ کالا گجراں کے علاقہ سے ایک اشتہاری مجرم اور غیر قانونی طور پر مقیم ایک افغان شہری کو گرفتار کیا گیا۔
اسی طرح تھانہ دینہ کے علاقہ میں کارروائی کرتے ہوئے 2 ناجائز اسلحہ رکھنے والے ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 2 عدد پسٹل 30 بور معہ ایمونیشن برآمد کر لیے گئے جبکہ ایک شراب سپلائر ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 18 لیٹر شراب بھی برآمد کی گئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے ضلع بھر میں سرچ آپریشنز جاری رکھے جائیں گے۔
جہلم پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص، غیر قانونی طور پر مقیم افراد یا جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو آگاہ کریں۔
پولیس کے مطابق بروقت اطلاع نہ صرف کسی بڑے جرم کو روکنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے بلکہ معاشرے میں امن و امان کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ شہری کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع قریبی تھانے یا پولیس ہیلپ لائن 15 پر دے سکتے ہیں۔
