ضلع جہلم میں دفعہ 144 نافذ ہونے کے باوجود 3 افراد ڈوب کر جاں بحق

جہلم: ضلع جہلم میں دفعہ 144 نافذ ہونے کے باوجود رواں ماہ اب تک 3 افراد دریا اور سمال ڈیم میں ڈوب کر جاں بحق ہو چکے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ضلع جہلم میں دفعہ 144 نافذ ہونے کے باوجود دریاؤں، ندی نالوں اور گہرے پانی والے مقامات پر نہانے کے افسوسناک واقعات سامنے آ رہے ہیں، جن کے نتیجے میں اب تک 3 افراد ڈوب کر جاں بحق ہو چکے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق کوٹ دھمیک روڈ سوہاوہ کے تالاب، الجلال کنارہ دریا اور چک دولت روڈ کے قریب دریائے جہلم میں نہاتے ہوئے قیمتی جانیں حادثات کا شکار ہوئیں۔
ضلعی انتظامیہ جہلم نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے ہدایت جاری کی ہے کہ دریا، ندی نالوں اور گہرے پانی والے مقامات پر نہانے سے مکمل گریز کیا جائے۔
انتظامیہ کے مطابق حالیہ دنوں میں ڈوبنے کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں، اس لیے والدین اپنے بچوں پر خصوصی نظر رکھیں اور انہیں تفریح کی غرض سے دریاؤں، نہروں یا گہرے تالابوں کے قریب جانے سے روکیں۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ شہری حفاظتی ہدایات پر عمل کریں کیونکہ ذرا سی غفلت کسی بڑے سانحے کا سبب بن سکتی ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ گہرے تالابوں، دریاؤں اور ندی نالوں سے دور رہیں۔ سمال ڈیموں، دریا اور ندی نالوں میں نہانے سے گریز کریں۔
ضلعی انتظامیہ جہلم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اپنی اور اپنے اہل خانہ کی جانوں کو محفوظ بنائیں۔




