پنڈدادنخان: تھانہ للِہ پولیس نے چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں مبینہ طور پر ملوث نینی گینگ کے سرغنہ کو ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ڈی ایس پی پنڈدادنخان میاں عبدالجبار کی زیرِ نگرانی ایس ایچ او تھانہ للِہ اور ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے چوری و ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث نینی گینگ کے سرغنہ اور اس کے ساتھیوں کو گرفتار کیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضہ سے 3 عدد پسٹل 30 بور، 2 چوری شدہ موٹر سائیکلیں، ایک لاکھ 30 ہزار روپے نقدی، 2 موبائل فونز اور دیگر مالِ مسروقہ برآمد کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور ان سے دیگر وارداتوں کے حوالے سے بھی اہم انکشافات متوقع ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا اور انہیں قانون کے مطابق قرارِ واقعی سزا دلوانے کے لیے مؤثر پیروی کی جائے گی۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل چوری سمیت دیگر جرائم میں ملوث ملزمان کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا، جبکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ جہلم پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
