عوامی خدمات میں بروقت اور معیاری سروس ڈیلیوری یقینی بنائی جائے گی، ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن

جہلم: ضلع جہلم میں اہم انتظامی امور، ترقیاتی اقدامات اور عوامی سروس ڈیلیوری میں پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیرِ صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف سرکاری محکموں کی کارکردگی، جاری منصوبوں اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران پلس پروگرام، گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹس، کھیوٹ و انتقالات سے متعلق معاملات اور ضلع میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ لی گئی۔ متعلقہ افسران نے اپنے اپنے شعبوں میں ہونے والی پیش رفت اور مقررہ اہداف کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا۔

اجلاس میں واسا، شہر کی خوبصورتی، ستھرا پنجاب، پرائس کنٹرول اور مختلف محکمانہ کارکردگی کے اشاریوں پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کی جانب سے جاری اقدامات اور فیلڈ میں عملدرآمد کی صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

اس موقع پر ریونیو کورٹ مینجمنٹ سسٹم کے تحت زیرِ التوا معاملات، کاروباری سہولت کے لیے کیے جانے والے اقدامات اور فائر سیفٹی انتظامات پر بھی متعلقہ افسران سے بریفنگ لی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے زیرِ التوا معاملات کو مقررہ اہداف کے مطابق بروقت نمٹانے اور عوامی خدمات کی فراہمی میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کرنے پر زور دیا۔

اجلاس میں وزیراعظم فیول سبسڈی پروگرام پر عملدرآمد اور شہریوں کو فراہم کیے جانے والے ریلیف سے متعلق پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس حوالے سے متعلقہ افسران نے ضلع میں پروگرام کے تحت جاری اقدامات اور شہریوں کو سہولت کی فراہمی سے متعلق صورتحال سے آگاہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ زیرِ التوا معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے، فیلڈ نگرانی کو مزید مؤثر بنایا جائے اور مختلف محکموں کے درمیان باہمی رابطہ مضبوط رکھا جائے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام انتظامی امور، ترقیاتی اقدامات اور عوامی خدمات میں بروقت، شفاف اور معیاری سروس ڈیلیوری کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو سرکاری اداروں سے متعلقہ خدمات کے حصول میں کسی غیر ضروری دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

↑
Exit mobile version