گورنمنٹ ہائی سکول ڈومیلی میں طلبہ کی آگاہی و معاونت کے لیے خصوصی پروگرام، ہیلمٹس، بائیک مررز اور سکول بیگز تقسیم

سوہاوہ: گورنمنٹ ہائی سکول ڈومیلی میں طلبہ میں شعور و آگاہی اجاگر کرنے، تعلیمی معاونت فراہم کرنے، روڈ سیفٹی سے متعلق معلومات دینے اور ماحولیاتی ذمہ داری کا احساس پیدا کرنے کے لیے خصوصی سٹوڈنٹ اویرنس پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔

پروگرام میں طلبہ کی تعلیمی و سماجی تربیت کے ساتھ ساتھ انہیں ٹریفک قوانین اور دورانِ سفر حفاظتی اقدامات کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر، ایڈووکیٹ فرحت کمال ضیاء، ڈپٹی ڈائریکٹر علی یوسف اور دیگر نے شرکت کی اور طلبہ سے خطاب کیا۔ پروگرام کا مقصد بالخصوص نوجوانوں میں روڈ سیفٹی، ٹریفک قوانین کی پابندی اور محفوظ سفر کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔

پروگرام کے دوران سماجی شخصیت فرحت کمال ضیاء کے تعاون سے ضرورت مند طلبہ میں سکول بیگز اور سٹیشنری کا سامان بھی تقسیم کیا گیا۔ اس موقع پر طلبہ کی حوصلہ افزائی اور ان کی تعلیمی سرگرمیوں میں معاونت کے لیے مختلف اقدامات کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

روڈ سیفٹی کے حوالے سے بڑی جماعتوں کے طلبہ میں حفاظتی ہیلمٹس اور بائیک سیفٹی مررز تقسیم کیے گئے۔ مقررین نے طلبہ کو آگاہ کیا کہ موٹر سائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ کا استعمال اپنی اور دوسروں کی زندگی کے تحفظ کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ طلبہ کو ٹریفک قوانین کی پابندی، موٹر سائیکل چلاتے وقت احتیاط، رفتار کو قابو میں رکھنے اور سڑک عبور کرتے وقت ضروری حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کے حوالے سے بھی تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔

اس موقع پر مقررین نے کہا کہ نوجوان نسل کو ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی کے بنیادی اصولوں سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ شعور، احتیاط اور ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرکے ٹریفک حادثات کے خطرات کو کم کیا جا سکتا ہے۔ طلبہ پر زور دیا گیا کہ وہ نہ صرف خود ٹریفک قوانین پر عمل کریں بلکہ اپنے اردگرد موجود افراد کو بھی محفوظ سفر کی ترغیب دیں۔

پروگرام کے دوران ماحولیاتی تحفظ اور شجرکاری کے حوالے سے بھی عملی سرگرمی کا اہتمام کیا گیا اور سکول میں پودا لگایا گیا۔ طلبہ کو درختوں اور پودوں کی اہمیت، ماحول کو صاف رکھنے اور زیادہ سے زیادہ شجرکاری کو فروغ دینے کے حوالے سے آگاہی دی گئی۔ طلبہ کو لگائے گئے پودوں کی حفاظت اور باقاعدگی سے دیکھ بھال کرنے کی بھی ترغیب دی گئی۔

اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے طلبہ کی فلاح و بہبود اور تعلیمی معاونت کے لیے سماجی شخصیت فرحت کمال ضیاء کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے صاحبِ استطاعت افراد کی جانب سے تعلیمی اداروں اور طلبہ کی بہتری کے لیے اس نوعیت کے مثبت اقدامات قابلِ قدر ہیں۔

سکول انتظامیہ اور طلبہ نے سٹوڈنٹ اویرنس پروگرام کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی آگاہی سرگرمیاں طلبہ کی تعلیمی تربیت کے ساتھ ساتھ انہیں ذمہ دار شہری بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ پرنسپل ذیشان کیانی نے پروگرام میں شرکت کرنے والے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

↑
Exit mobile version