سٹارز اسلامک سکول بڑاگواہ میں سالانہ رزلٹ اور تقسیمِ انعامات کی پروقار تقریب

سوہاوہ: سٹارز اسلامک سکول بڑاگواہ میں تعلیمی سال کے اختتام پر سالانہ رزلٹ اور تقسیمِ انعامات کی ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبہ، والدین اور علاقے کی اہم سماجی و تعلیمی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب کے دوران سکول کے ننھے منھے بچوں نے مختلف تعلیمی اور اصلاحی موضوعات پر خوبصورت ٹیبلوز پیش کر کے حاضرین کے دل جیت لیے۔ بچوں کی شاندار پرفارمنس کو والدین اور مہمانوں کی جانب سے خوب سراہا گیا۔
اس موقع پر امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کیے گئے۔ اپنی محنت کا صلہ پا کر بچوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے جبکہ والدین نے اپنے بچوں کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔
تقریب میں والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور سکول کے تعلیمی معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ اور اساتذہ کی کاوشوں کو سراہا۔ علاقے کی ممتاز سیاسی و سماجی شخصیات نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کرتے ہوئے سکول کی تعلیمی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سکول کی ڈائریکٹر میڈم عمرانہ کوثر نے کامیاب طلبہ اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کا مقصد صرف ڈگریاں حاصل کرنا نہیں بلکہ بچوں کی اخلاقی اور نظریاتی تربیت بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹارز اسلامک سکول بڑاگواہ میں جدید تعلیم کے ساتھ ساتھ اسلامی اقدار پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ بچے مستقبل کے بہترین معمار بن سکیں۔
انہوں نے اساتذہ کی محنت کو سراہتے ہوئے والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں کی بہتر تربیت اور نشوونما کے لیے سکول کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھیں۔



