مسلم لیگ ن کشمیر کاز کی مضبوطی اور کشمیریوں کی ترقی کی ضمانت ہے، بلال اظہر کیانی

جہلم: پاکستان مسلم لیگ (ن) نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں مہاجرین کی نشستوں پر بھرپور انتخابی مہم چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

اس سلسلے میں وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی کی جہلم کے علاقے بدلوٹ میں واقع آبائی رہائش گاہ پر اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں پارٹی کی انتخابی حکمت عملی، تنظیمی امور اور پولنگ ڈے پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سینئر پارلیمنٹیرین طاہرہ اورنگزیب، مسلم لیگ (ن) ضلع راولپنڈی کے صدر و رکن قومی اسمبلی ملک ابرار، سابق میئر راولپنڈی سردار نسیم خان، سابق ارکان پنجاب اسمبلی مہر فیاض اور چوہدری سعید سمیت ضلع جہلم سے تعلق رکھنے والے پارٹی کے مرکزی رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے-39 جموں 6 سے مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار راجہ محمد صدیق اور حلقہ ایل اے-42 ویلی 3 سے نامزد امیدوار شوکت علی شاہ بھی موجود تھے۔ اس کے علاوہ طالب مہدی، چوہدری بوٹا جاوید، حافظ اعجاز، چوہدری راشد اور دیگر پارٹی رہنما بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران ضلع جہلم میں انتخابی مہم کے حوالے سے گزشتہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ آئندہ انتخابی سرگرمیوں، چاروں تحصیلوں میں پارٹی کارکنوں کو تفویض کی گئی ذمہ داریوں اور پولنگ ڈے کے انتظامات کے حوالے سے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی۔

شرکاء نے پارٹی کارکنوں اور رہنماؤں کے جذبے اور انتخابی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ انتخابی مہم کو مزید مؤثر، منظم اور بھرپور انداز میں چلایا جائے گا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں انتخابی مہم بھرپور انداز میں چلائی جائے گی اور پارٹی کارکن گھر گھر جا کر عوام تک مسلم لیگ (ن) کا پیغام پہنچائیں گے۔

انہوں نے اجلاس میں شرکت کرنے والے تمام رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کارکنوں کی محنت اور اتحاد ہی پارٹی کی کامیابی کی ضمانت ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دیگر پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ہمیشہ کشمیر کاز کی مضبوطی، کشمیری عوام کی فلاح و بہبود اور خطے کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی عوام کی خدمت کا سفر اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button