الیکشن کمیشن کا بڑا فیصلہ، پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ مقرر

جہلم: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات دو مراحل میں کرانے کی تجویز منظور کر لی ہے، جبکہ پہلے مرحلے کے انتخابات کے لیے 7 فروری 2027ء کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ الیکشن کی جانب سے چیف سیکرٹری پنجاب کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے، جس میں پنجاب میں بلدیاتی انتخابات دو مراحل میں کرانے کی منظوری سے آگاہ کیا گیا ہے۔ مراسلے کے مطابق دونوں مراحل میں 18، 18 اضلاع میں انتخابات کرانے کی تجویز منظور کی گئی ہے۔

جاری کردہ شیڈول کے مطابق پہلے مرحلے میں 7 فروری 2027ء کو چکوال، تلہ گنگ، پاکپتن، سیالکوٹ، اوکاڑہ، راجن پور، نارووال، چنیوٹ، خانیوال، ننکانہ صاحب، قصور، راولپنڈی، مری، ڈیرہ غازی خان، تونسہ، لاہور، لودھراں اور سرگودھا میں بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔

دوسرے مرحلے میں ساہیوال، گوجرانوالہ، وزیرآباد، بہاولنگر، اٹک، خوشاب، منڈی بہاؤالدین، وہاڑی، جہلم، شیخوپورہ، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد، میانوالی، ملتان، لیہ، جھنگ، گجرات اور رحیم یار خان کو شامل کیا گیا ہے۔ اس طرح ضلع جہلم میں بلدیاتی انتخابات دوسرے مرحلے میں منعقد ہوں گے۔

مراسلے کے مطابق پنجاب حکومت نے الیکشن کمیشن سے صوبے میں بلدیاتی انتخابات دو مراحل میں کرانے کی تجویز دی تھی، جسے الیکشن کمیشن نے منظور کر لیا ہے۔

امیدواروں کے لیے نامزدگی فیس کا شیڈول جاری

دوسری جانب حکومتِ پنجاب نے محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ اور محکمہ قانون کے آفیشل گزٹ نوٹیفکیشن کے تحت پنجاب لوکل گورنمنٹ (الیکشن) رولز 2026ء کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے مختلف عہدوں کے لیے امیدواروں کی نامزدگی فیس مقرر کر دی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ فیس ناقابلِ واپسی ہوگی۔

مختلف نشستوں کے لیے مقرر کردہ انتخابی فیس کی تفصیلات درج ذیل ہیں:

  • میئر اور ڈپٹی میئر (ٹاؤن/میونسپل کارپوریشن): مشترکہ امیدوار کے لیے ایک لاکھ روپے۔
  • چیئرمین اور وائس چیئرمین (تحصیل کونسل): مشترکہ امیدوار کے لیے ایک لاکھ روپے۔
  • چیئرمین اور وائس چیئرمین (میونسپل کمیٹی): مشترکہ امیدوار کے لیے 50 ہزار روپے۔
  • چیئرمین اور وائس چیئرمین (یونین کونسل): 20 ہزار روپے۔
  • مخصوص نشستوں کے ممبران (ٹاؤن کارپوریشن، میونسپل کارپوریشن، میونسپل کمیٹی اور تحصیل کونسل): 20 ہزار روپے۔
  • جنرل اور مخصوص نشستوں کے یونین کونسل ممبران: 10 ہزار روپے۔

سرکاری نوٹیفکیشن کے حوالے سے محکمہ قانون و پارلیمانی امور کا گزٹ نوٹیفکیشن نمبر 68 آف 2026ء، مؤرخہ 12 مارچ 2026ء، بمطابق سیکشن 189 پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025ء کا حوالہ دیا گیا ہے۔

بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کے خواہش مند امیدواروں اور سیاسی کارکنوں کے لیے انتخابی شیڈول اور نامزدگی فیس کی تفصیلات اہمیت کی حامل ہیں، تاکہ وہ انتخابی عمل سے متعلق ضروری معلومات حاصل کرکے اپنی تیاری بروقت مکمل کر سکیں۔

↑
Exit mobile version