سوہاوہ: تھانہ ڈومیلی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر مقیم ایک افغان شہری کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ضلع بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو رہائش، روزگار یا دیگر سہولیات فراہم کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں اب تک ایسے 20 افراد کے خلاف مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔
جہلم پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر انہیں اپنے علاقے میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں یا دیگر جرائم پیشہ عناصر کے بارے میں کوئی اطلاع ہو تو فوری طور پر پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کریں۔ پولیس کے مطابق اطلاع دینے والے شہری کی شناخت صیغۂ راز میں رکھی جائے گی۔
اس موقع پر ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ قانون کی پاسداری یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔ غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو پناہ دینے اور انہیں سہولیات فراہم کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ جرائم کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے شہریوں کا تعاون اہم کردار ادا کر سکتا ہے، لہٰذا عوام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی متعلقہ اطلاع کی صورت میں پولیس کو آگاہ کریں۔
