پاسپورٹ فیس کی ادائیگی کے لیے قطاروں کا خاتمہ، ملک بھر میں کیش لیس نظام نافذ

جہلم: پاسپورٹ فیس جمع کرانے کے لیے بینکوں میں طویل قطاروں اور انتظار کی زحمت ختم کر دی گئی ہے۔ حکومت پاکستان نے ملک بھر کے تمام پاسپورٹ دفاتر میں کیش لیس (Cashless) ادائیگی کا نظام مکمل طور پر نافذ کر دیا ہے، جس کے تحت شہری اب پاسپورٹ فیس ڈیجیٹل ذرائع سے آسانی کے ساتھ ادا کر سکیں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (X) پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی ہدایات پر عوامی سہولت کا ایک اہم منصوبہ کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے، جو سرکاری خدمات کو جدید اور ڈیجیٹل بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں پاسپورٹ فیس کی کیش لیس ادائیگی کا نظام فعال ہو چکا ہے، جس کے ذریعے درخواست گزار اب مختلف ڈیجیٹل ذرائع سے اپنی فیس جمع کرا سکیں گے اور انہیں بینکوں یا دفاتر میں گھنٹوں قطاروں میں انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاسپورٹ نظام میں جدید اصلاحات کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کیش لیس ادائیگی کا نظام ایک اہم سنگ میل ہے، جس سے عوام کو تیز، شفاف اور آسان خدمات میسر آئیں گی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پاسپورٹ دفاتر میں جدید ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام کے نفاذ سے نہ صرف شہریوں کا قیمتی وقت بچے گا بلکہ سرکاری خدمات کی فراہمی بھی مزید مؤثر، شفاف اور سہل ہو جائے گی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button