جہلم: تھانہ اینٹی کرپشن پولیس جہلم نے رشوت ستانی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر جہلم کے دفتر کے 2 سرکاری اہلکاروں کو مبینہ طور پر ایک لاکھ روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔
رپورٹ کے مطابق اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل سہیل ظفر چٹھہ اور ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن راولپنڈی کی ہدایات پر تھانہ اینٹی کرپشن جہلم نے رشوت ستانی کے خلاف ٹریپ ریڈ کیا۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق ممیان کے رہائشی منیب عالم ولد فیض عالم نے درخواست دی تھی کہ اسسٹنٹ کمشنر جہلم کے ریڈر اظہر نسیم اور پرائیویٹ اسسٹنٹ فضل ندیم ولد فضل کریم نے نشاندہی رپورٹ جاری کرنے کے عوض اس سے ایک لاکھ روپے رشوت طلب کی ہے۔
درخواست گزار نے رشوت کی رقم ادا کرنے پر آمادگی ظاہر نہ کرتے ہوئے قانونی کارروائی کے لیے اینٹی کرپشن حکام سے ٹریپ ریڈ کی درخواست کی۔
درخواست پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن علینہ خضر بوسال اور سرکل آفیسر اینٹی کرپشن جہلم سید اعجاز حسین شاہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ سینئر سول جج جہلم قادر حسین بٹ کی نگرانی میں کارروائی کی۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق کارروائی کے دوران مبینہ طور پر ایک لاکھ روپے کے نشان زدہ نوٹ اظہر نسیم اور فضل ندیم کے قبضے سے برآمد کرلیے گئے۔
حکام کے مطابق واقعہ کا مقدمہ نمبر 07/2026، مورخہ 31 اگست 2026 کو تھانہ اینٹی کرپشن جہلم میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 161 اور انسدادِ بدعنوانی ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت درج کرلیا گیا ہے، جبکہ مقدمے کی مزید تفتیش سرکل آفیسر اینٹی کرپشن جہلم کی نگرانی میں جاری ہے۔
