جہلم پنڈدادنخان روڈ پر تجاوزات کی بھرمار، سنگھوئی اور چوٹالہ لاری اڈوں پر شہری مشکلات کا شکار

جہلم پنڈدادنخان روڈ پر واقع سنگھوئی اور چوٹالہ لاری اڈوں کے اطراف تجاوزات کی بھرمار نے ٹریفک کی روانی متاثر کر دی ہے، جس کے باعث شہریوں، مسافروں اور گاڑیوں کے ڈرائیورز کو روزانہ شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

مقامی افراد کے مطابق سڑک کے کناروں پر ریڑھی بانوں کی جانب سے ریڑھیاں کھڑی کیے جانے کے باعث سڑک سکڑ چکی ہے، جس سے ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہو رہی ہے اور ہر وقت حادثات کا خدشہ رہتا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ تجاوزات کی وجہ سے پیدل چلنے والوں، موٹر سائیکل سواروں، رکشوں اور دیگر گاڑیوں کو گزرنے میں شدید دشواری پیش آتی ہے۔ ان کے مطابق معمولی سی ٹکر یا تصادم کی صورت میں ریڑھی مالکان اور شہریوں کے درمیان تلخ کلامی اور جھگڑے کی صورتحال بھی پیدا ہو جاتی ہے، جس سے امن و امان کا مسئلہ جنم لینے کا خدشہ رہتا ہے۔

اہلِ علاقہ نے بتایا کہ سنگھوئی اور چوٹالہ لاری اڈوں کے اطراف قائم تجاوزات نہ صرف ٹریفک جام کا سبب بن رہی ہیں بلکہ حادثات کے امکانات میں بھی اضافہ کر رہی ہیں، جس سے مسافروں اور مقامی آبادی کو روزانہ مشکلات برداشت کرنا پڑتی ہیں۔

شہریوں اور مقامی سماجی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ، پیرا فورس اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ جہلم پنڈدادنخان روڈ پر قائم تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے، سڑکوں کو ہر قسم کی رکاوٹ سے پاک کیا جائے اور ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے مستقل بنیادوں پر مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہری محفوظ اور آسان سفری سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔

Exit mobile version