دینہ میں مبینہ انتظامی غفلت اور عدم توجہی کے باعث جی ٹی روڈ اور منگلا روڈ پر تجاوزات میں اضافہ ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں شہر کے اہم تجارتی مراکز اور آمدورفت کے راستے شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ شہریوں کو روزمرہ آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ بالخصوص خواتین اور بچوں کے لیے پیدل چلنا بھی دشوار ہو گیا ہے۔
مقامی دکانداروں کی جانب سے دکانوں کا سامان سڑکوں اور فٹ پاتھوں تک پھیلانے کے باعث مستقل تجاوزات قائم ہو چکی ہیں۔ پیدل چلنے والوں کے لیے مختص راستے بند ہونے سے عام شہریوں کو سڑک پر چلنے پر مجبور ہونا پڑتا ہے، جبکہ خریداری کے لیے بازار آنے والی خواتین اور بچوں کو بھی شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی عدم توجہی اور خاموشی کے باعث شہر میں ایک مرتبہ پھر بڑے پیمانے پر تجاوزات قائم ہو گئی ہیں، جو مقامی انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔ عوامی حلقوں میں اس صورتحال پر شدید تشویش اور بے چینی پائی جا رہی ہے۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، کمشنر راولپنڈی ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور جی ٹی روڈ، منگلا روڈ سمیت دیگر متاثرہ مقامات پر تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز اور موثر آپریشن کیا جائے، تاکہ سڑکوں اور فٹ پاتھوں کو تجاوزات سے واگزار کروا کر شہریوں کو درپیش مشکلات سے نجات دلائی جا سکے۔
