ریسکیو 1122 دفتر کے قیام کیلئے ڈومیلی میں زمین وقف، جلد جدید عمارت کی تعمیر شروع ہو گی

سوہاوہ: عوامی فلاح کے ایک اہم منصوبے کے تحت ریسکیو 1122 کے دفتر کے قیام کے لیے ڈومیلی میں باقاعدہ طور پر زمین وقف کر دی گئی ہے، جہاں بہت جلد جدید سہولیات سے آراستہ عمارت کی تعمیر کا آغاز کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف ایمرجنسی سروسز کو مزید مؤثر بنایا جا سکے گا بلکہ کسی بھی حادثے یا ہنگامی صورتحال میں بروقت امداد کی فراہمی بھی یقینی بنائی جا سکے گی، جو کہ علاقے کے عوام کے لیے ایک بڑی سہولت ثابت ہوگی۔
اس فلاحی کام میں سماجی شخصیت عبدالرازق نے نمایاں کردار ادا کیا، جنہوں نے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے اس منصوبے کو عملی شکل دینے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کے ساتھ معروف سیاسی شخصیت راجہ جہانزیب کی کاوشیں بھی قابلِ تحسین ہیں، جنہوں نے ہر سطح پر بھرپور تعاون فراہم کیا۔
اس منصوبے کو کامیاب بنانے میں ایک مضبوط ٹیم نے بھی اہم کردار ادا کیا، جس میں راجہ راشد منیر، راجہ نوظر، میاں بدر، راجہ ندیم، راجہ کامران، شیخ زین، قیصر بٹ اور راجہ امتیاز شامل ہیں۔ ان تمام افراد کی مشترکہ کاوشوں سے یہ منصوبہ پایہ تکمیل کی جانب بڑھ رہا ہے۔
ریسکیو 1122 جہلم کے انچارج نے بھی موقع کا دورہ کیا اور مجوزہ جگہ کا جائزہ لیا، جبکہ اس منصوبے کو اجاگر کرنے میں میڈیا نے بھی اہم کردار ادا کیا۔
علاقہ مکینوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریسکیو 1122 کی سہولت میسر آنے سے قیمتی انسانی جانوں کو بچانے میں مدد ملے گی اور عوام کو بروقت ریلیف فراہم ہوگا۔
یہ منصوبہ علاقے کی ترقی اور عوامی خدمت کے جذبے کی ایک بہترین مثال ہے، جس پر تمام کرداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔



