ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کا نو تعمیر شدہ ماڈل بازار دینہ کا دورہ، جلد فعال کرنے کی ہدایت

دینہ: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے دینہ شہر میں نو تعمیر شدہ ماڈل بازار کا تفصیلی دورہ کیا اور منصوبے کی تکمیل کے بعد وہاں کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر تحصیل انتظامیہ کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، جنہوں نے ماڈل بازار کے مختلف امور پر بریفنگ دی۔
دورے کے دوران تحصیل انتظامیہ نے ڈپٹی کمشنر کو بازار میں اسٹالز کی الاٹمنٹ، سیکیورٹی، صفائی ستھرائی، پارکنگ، شہریوں کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات اور دیگر انتظامی معاملات سے متعلق تفصیلی آگاہ کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے ماڈل بازار کے تعمیراتی معیار اور انتظامی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماڈل بازار دینہ شہر کی خوبصورتی میں ایک نمایاں اضافہ ثابت ہوگا اور شہریوں کو معیاری ماحول میں خریداری کی سہولت فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ مہنگائی کے دور میں ماڈل بازار کا قیام عوام کے لیے ایک اہم ریلیف ہے، جہاں شہریوں کو ایک ہی چھت تلے معیاری اور ضروری اشیاء مناسب نرخوں پر دستیاب ہوں گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ بازار کو جلد از جلد مکمل فعال کر کے عوام کے لیے کھول دیا جائے تاکہ شہری اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ ماڈل بازار میں صفائی، سیکیورٹی، نظم و ضبط اور دیگر سہولیات کو مستقل بنیادوں پر برقرار رکھا جائے اور خریداروں کے لیے پرامن، صاف ستھرا اور سہولت بخش ماحول یقینی بنایا جائے۔
دوسری جانب شہریوں نے بھی ماڈل بازار کے قیام کو ضلعی انتظامیہ کا خوش آئند اقدام قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس منصوبے سے نہ صرف خریداری کی جدید سہولیات میسر آئیں گی بلکہ مہنگائی کے دور میں عوام کو مناسب قیمتوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی میں بھی مدد ملے گی۔



