جہلم میں برائلر گوشت کی من مانی قیمتوں پر فروخت، سرکاری نرخ نظر انداز

جہلم: عید الفطر گزرنے کے باوجود شہر اور گردونواح میں برائلر مرغی کے گوشت کی گراں فروشی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
سرکاری نرخ نامے کے مطابق گزشتہ روز پرچون سطح پر برائلر گوشت کی قیمت 597 روپے فی کلو مقرر کی گئی تھی، لیکن شہر کے مختلف علاقوں میں دکاندار صارفین سے 900 گرام برائلر گوشت کے 700 سے 750 روپے وصول کرتے رہے، جس سے عام شہریوں کو شدید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
عوامی شکایات کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے نرخوں کو کنٹرول کرنے کے لیے کوئی مؤثر کارروائی دیکھنے میں نہیں آئی۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ دکاندار سرکاری نرخ نامے کو مکمل طور پر نظر انداز کر کے من مانی قیمتوں پر گوشت فروخت کر رہے ہیں، جس کے باعث عام آدمی کی قوت خرید متاثر ہو رہی ہے۔ دوسری جانب فارمی انڈوں کی قیمت میں 25 روپے کی کمی کے بعد انہیں 235 روپے فی درجن کے حساب سے فروخت کیا جا رہا ہے۔
شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ برائلر گوشت کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے سخت اقدامات کرے اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔



