عیدالفطر کے موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد نے فاتحہ خوانی کے لیے قبرستانوں کا رخ کیا

جہلم: عیدالفطر کے موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد نے اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کے لیے قبرستانوں کا رخ کیا۔ لوگ عزیز و اقارب کی قبروں پر گئے، جہاں فاتحہ خوانی کے ساتھ پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں اور گلاب کی تازہ پتیاں نچھاور کی گئیں۔
عید کی نماز سے پہلے اور بعد میں شہر کے مختلف قبرستانوں میں لوگوں کا رش دیکھنے میں آیا، تاہم مرکزی قبرستان میں صفائی نہ ہونے اور جھاڑیوں کی بھرمار کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ قبرستانوں کی صفائی اور دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے تاکہ زائرین کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
دوسری جانب قبرستانوں کے راستوں پر جگہ جگہ پھولوں، اگربتیوں، عطر اور عرقِ گلاب کے عارضی اسٹالز لگائے گئے، جہاں سے شہری اپنے پیاروں کی قبروں پر چادریں چڑھانے اور دیگر اشیاء خریدنے میں مصروف نظر آئے۔ ان عارضی اسٹالز کے باعث نہ صرف کاروباری سرگرمیاں دیکھنے میں آئیں بلکہ شہریوں کو آسانی بھی میسر آئی۔



