نئے گھریلو سوئی گیس کنکشنز پر پابندی برقرار، ہزاروں صارفین گیس میٹروں کی تنصیب کے منتظر

جہلم: وفاقی حکومت کی جانب سے نئے گھریلو سوئی گیس کنکشنز پر عائد پابندی تاحال برقرار ہے، جس کے باعث جہلم سمیت ملک بھر میں ہزاروں صارفین گیس میٹروں کی تنصیب کے منتظر ہیں اور شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی اور ممکنہ جنگی صورتحال کے دوران مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی درآمد متاثر ہونے کے خدشے کے پیش نظر نئے گھریلو گیس کنکشنز پر پابندی عائد کی تھی۔ اگرچہ خطے میں کشیدگی میں نمایاں کمی آ چکی ہے، تاہم نئے کنکشنز پر عائد پابندی تاحال ختم نہیں کی گئی، جس کے باعث سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (SNGPL) نئے گیس میٹرز کی تنصیب شروع نہیں کر سکی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سوئی ناردرن گیس کمپنی کے پاس ہزاروں ایسے صارفین موجود ہیں جو پہلے ہی ڈیمانڈ نوٹس کی مقررہ فیس جمع کروا چکے ہیں۔ قواعد و ضوابط کے مطابق ڈیمانڈ نوٹس کی ادائیگی کے بعد کمپنی صارفین کو گیس کنکشن اور میٹر فراہم کرنے کی پابند ہوتی ہے، تاہم حکومتی پابندی کے باعث یہ عمل کئی ماہ سے تعطل کا شکار ہے۔

متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ ڈیمانڈ نوٹس جمع کروانے کے باوجود انہیں گیس کی سہولت میسر نہیں آ رہی، جس کے باعث وہ مہنگی ایل پی جی، لکڑی اور دیگر متبادل ایندھن استعمال کرنے پر مجبور ہیں، جس سے ان کے گھریلو اخراجات میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔

شہریوں نے وفاقی حکومت، وزارتِ توانائی (پٹرولیم ڈویژن) اور سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ نئے گھریلو گیس کنکشنز پر عائد پابندی کا فوری جائزہ لیا جائے اور ڈیمانڈ نوٹس جمع کروانے والے صارفین کو ترجیحی بنیادوں پر گیس میٹرز کی تنصیب یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button