ہفتہ وار مہنگائی میں کمی کے باوجود 18 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ

ملک میں قلیل مدتی مہنگائی میں مسلسل تین ہفتے اضافے کے بعد 0 اعشاریہ 26 فیصد کی کمی ہوگئی تاہم 18 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ ہفتہ وار مہنگائی کی سالانہ مجموعی شرح 3 اعشاریہ 97 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
پاکستان ادارہ شماریات کی جانب سے ہفتہ وار مہنگائی سے متعلق جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران 18 اشیا مہنگی، 10 سستی اور 23 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
اداراہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے میں مرغی کا گوشت 10 اعشاریہ 28 فیصد اور پیاز 4 اعشاریہ 93 فیصد مہنگا ہوا، جبکہ ایک ہفتے کے دوران چینی 0 اعشاریہ 95 اورگھی 0 اعشاریہ 28 فیصد مہنگا ہوا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک ہفتے میں ٹماٹر 13 اعشاریہ 48، آلو 5 اعشاریہ 59، انڈے 0 اعشاریہ 23 اور دال ماش 0 اعشاریہ 05 فیصد سستی ہوئی جبکہ دال چنا، آٹا بھی سستا ہوا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 27 دسمبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران قلیل مدتی مہنگائی ہفتہ وار بنیادوں پر 0 اعشاریہ 8 فیصد بڑھی جبکہ سالانہ بنیادوں پر یہ 5 اعشاریہ 8 فیصد ہو گئی تھی۔
اسی طرح اس سے قبل 19 دسمبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران قلیل مدتی مہنگائی ہفتہ وار بنیادوں پر 0 اعشاریہ 38 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر بڑھ کر 4 اعشاریہ 64 فیصد ہو گئی تھی۔



