دینہ: جہلم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گمشدہ 3 سالہ اور 7 سالہ بچوں کو تلاش کر کے بحفاظت ان کے لواحقین کے حوالے کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں پولیس ماڈل تھانہ دینہ کے علاقے میں ایک بزرگ شہری کی جانب سے دو کمسن بچوں کے گم یا اغوا ہونے کی اطلاع موصول ہوئی جس پر ایس ایچ او تھانہ دینہ سرمد ملک اور ان کی ٹیم نے فوری طور پر کارروائی شروع کر دی۔
پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے بچوں کی تلاش کا عمل شروع کیا اور مختلف مقامات کی فوٹیج کا جائزہ لیا۔ مسلسل تلاش اور پیشہ ورانہ حکمت عملی کے نتیجے میں دونوں بچوں کو بحفاظت تلاش کر لیا گیا۔
بعد ازاں معلوم ہوا کہ بچوں میں سے بڑا بچہ جس کی عمر 7 سال ہے ذہنی معذوری کا شکار ہے جو اپنے سے چھوٹے بچے، جس کی عمر 3 سال ہے، کو ساتھ لے کر گھر سے نکل گیا تھا اور راستہ بھول گیا تھا۔
پولیس نے دونوں بچوں کو بحفاظت تلاش کر کے ان کے لواحقین کے حوالے کر دیا جس پر اہل خانہ نے سکھ کا سانس لیا اور بروقت کارروائی پر جہلم پولیس کا شکریہ ادا کیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ جہلم پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ انسانی ہمدردی کے تحت عوام کی مدد کے لیے ہمہ وقت مصروف عمل ہے۔
