پٹرولنگ پولیس کی ناقص کارکردگی، سی این جی سلنڈر والی مسافر گاڑیوں کیخلاف کارروائی نہ ہونے پر شہریوں کو تشویش

دینہ/جہلم: ضلع جہلم میں پٹرولنگ ہائی وے پولیس کی کارکردگی پر سوالات اٹھنے لگے۔ پٹرولنگ پوسٹ چک اکا اور چک مہیوں کے ذمہ داران اور ملازمین سی این جی سلنڈر سے لیس مسافر گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرنے سے گریزاں دکھائی دے رہے ہیں۔
جی ٹی روڈ پر سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ سے راولپنڈی جانے والی متعدد مسافر گاڑیاں سی این جی سلنڈرز کے ساتھ رواں دواں ہیں، جو کہ کسی بھی وقت جان لیوا حادثے کا سبب بن سکتی ہیں۔
مسافروں نے شکایت کی ہے کہ ان خطرناک گاڑیوں پر کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی، حالانکہ حکومت نے باقاعدہ طور پر مسافر گاڑیوں میں سی این جی سلنڈر کے استعمال پر سخت پابندی عائد کر رکھی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرولنگ ہائی وے پولیس کی غفلت اور عدم دلچسپی کے باعث ایک بڑا سانحہ کسی بھی وقت پیش آ سکتا ہے۔
انہوں نے ایس پی پٹرولنگ ہائی وے پولیس راولپنڈی اور ڈی ایس پی پٹرولنگ ہائی وے پولیس جہلم سے فوری نوٹس لینے، سی این جی سلنڈر والی گاڑیوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرنے اور مقدمات درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔



