دینہ میں ایک اور قتل کی واردات، نامعلوم افراد نے 60 سالہ شخص کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا

دینہ میں ایک اور قتل کی واردات، نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے ایک شخص کو گھر کی دہلیز پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں سابق پولیس کانسٹیبل کے قتل کے بعد ایک اور دل دہلا دینے والے قتل کا واقعہ پیش آیا ہے۔
دینہ کے علاقہ ہڈالہ سیداں میں 60 سالہ طاہر عباس ولد محمد حسین مسجد میں نماز ادا کرنے کے بعد واپس اپنے گھر آ رہے تھے کہ جیسے ہی وہ اپنے گھر کی دہلیز پر پہنچے تو دو نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور انتہائی تیز رفتاری سے موٹرسائیکل پر فرار ہو گئے۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹمارٹم کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم منتقل کر دیا۔
پولیس نے فوری طور پر علاقے کی ناکہ بندی کر دی اور ممکنہ راستوں پر چیکنگ شروع کر دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے ملزمان کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے۔ جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔



