جہلم میں انسداد پولیو مہم 3 فروری سے شروع ہو گی، محکمہ صحت کی والدین سے بھرپور تعاون کی اپیل

جہلم: پولیو ایک مہلک مرض ہے جو متاثرہ بچے کو زندگی بھر کے لیے معذور کر دیتا ہے۔ یہ مرض دنیا کے بیشتر ممالک، بشمول پاکستان اور افغانستان میں بڑی حد تک ختم ہو چکا ہے، لیکن اس کا مکمل خاتمہ ابھی باقی ہے۔
اسی سلسلے میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم 3 فروری سے 7 فروری 2025 تک جہلم سمیت ملک بھر میں منعقد کی جائے گی۔ اس مہم کے دوران محکمہ صحت کی ٹیمیں گھر گھر جا کر اور قریبی مراکز صحت و ٹرانزٹ پوائنٹس پر بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائیں گی۔
اس حوالے سے یونین کونسل اربن 4 کے انچارج قیصر محمود نے بتایا کہ ان کی ٹیمیں پیدائش سے لے کر پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کے لیے گھر گھر جائیں گی۔
انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ پولیو کی ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں اور اپنے بچوں کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھیں۔ یہ ہم سب کا قومی فریضہ ہے کہ ہم پولیو کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ پولیو ویکسین کے دو قطرے ہر مہم میں پلانا بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کا واحد راستہ ہے۔ ہمارا عزم ہے: پولیو فری پاکستان۔
محکمہ صحت نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ مہم کے دوران اپنے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ اس موذی مرض کا ملک سے ہمیشہ کے لیے خاتمہ کیا جا سکے۔



