جہلم: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ نمایاں کمی کے باوجود ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی نہ ہو سکی

جہلم: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ نمایاں کمی کے باوجود ضلع جہلم میں پبلک ٹرانسپورٹ اور چنگ چی رکشوں کے کرایوں میں کوئی خاطر خواہ کمی نہ ہو سکی، جس کے باعث مسافروں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق جہلم ضلعی ہیڈکوارٹر سے مختلف شہروں اور دیہی علاقوں کے لیے چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایے بدستور برقرار ہیں، جبکہ شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دو مرتبہ کمی کے باوجود کرایوں میں کوئی واضح فرق دیکھنے میں نہیں آیا۔ اسی طرح شہر اور نواحی علاقوں میں چلنے والے چنگ چی رکشوں کے کرایوں میں بھی کمی نہ ہونے پر عوامی حلقوں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
جنرل بس اسٹینڈ پر موجود مسافروں نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے، تاہم یہ ریلیف تاحال ٹرانسپورٹ کرایوں کی صورت میں عوام تک منتقل نہیں ہو سکا۔
شہریوں نے مؤقف اختیار کیا کہ نہ صرف مسافر ٹرانسپورٹ بلکہ سامان کی ترسیل سے متعلق گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی کمی دیکھنے میں نہیں آئی، جس کے باعث عام آدمی کو مہنگائی کے بوجھ کا سامنا ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ اداروں کی جانب سے کرایوں کے تعین اور ان پر عملدرآمد کے حوالے سے مؤثر نگرانی کی ضرورت ہے تاکہ حکومتی سطح پر دیے جانے والے ریلیف کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچ سکیں۔
مسافروں نے چیئرمین ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) و ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ موجودہ پٹرولیم قیمتوں کے تناسب سے ٹرانسپورٹ کرایوں کا ازسرنو جائزہ لیا جائے اور مناسب کمی کرکے عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جائے۔
شہریوں نے امید ظاہر کی کہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے عوامی مفاد میں ضروری اقدامات کریں گے تاکہ ٹرانسپورٹ کے بڑھتے اخراجات سے متاثرہ مسافروں کو سہولت میسر آ سکے۔



