سوہاوہ: شہریوں کے جائز معاملات ترجیحی بنیادوں پر بروقت اور شفاف انداز میں نمٹائے جائیں گے، اسسٹنٹ کمشنر ثمینہ بشیر

سوہاوہ: اراضی ریکارڈ سے متعلق عوامی خدمات کی بروقت، شفاف اور مؤثر فراہمی یقینی بنانے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ ثمینہ بشیر نے اراضی ریکارڈ سینٹر سوہاوہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے عملے کی حاضری، دفتری نظم و ضبط، درخواستوں پر کارروائی، سائلین کی رہنمائی کے طریقہ کار اور مرکز کے مجموعی نظامِ کار کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اسسٹنٹ کمشنر نے اراضی ریکارڈ سے متعلق زیرِ التوا معاملات اور درخواستوں پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ تمام درخواستوں پر قواعد و ضوابط کے مطابق بروقت کارروائی یقینی بنائی جائے اور شہریوں کو ریونیو خدمات کے حصول میں غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ثمینہ بشیر نے واضح کیا کہ سائلین کو غیر ضروری انتظار یا بار بار دفتر کے چکر لگوانے سے گریز کیا جائے اور ہر درخواست پر ذمہ داری کے ساتھ پیش رفت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کے مراکز میں شہریوں کو سہولیات کی فراہمی اور ان کے جائز مسائل کا بروقت ازالہ انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر نے دفتری نظم و ضبط، شفافیت اور جوابدہی کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ شہریوں کے جائز معاملات ترجیحی بنیادوں پر نمٹائے جائیں۔ انہوں نے عملے کو سائلین کے ساتھ شائستہ اور مناسب رویہ اختیار کرنے، انہیں ضروری رہنمائی فراہم کرنے اور اراضی ریکارڈ سے متعلق خدمات کی بروقت و مؤثر فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ اراضی ریکارڈ سینٹر میں آنے والے شہریوں کو ان کے معاملات کے حوالے سے واضح معلومات اور رہنمائی فراہم کی جائے، جبکہ زیرِ التوا درخواستوں کو قواعد و ضوابط کے مطابق جلد نمٹانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button