وزیراعظم نے بلال اظہر کیانی کو پرائم منسٹر ڈلیوری یونٹ کا سربراہ مقرر کر دیا

دینہ: وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے وزیر مملکت برائے ریلویز بلال اظہر کیانی کو پرائم منسٹر ڈلیوری یونٹ (PMDU) کا سربراہ مقرر کر دیا۔ اس تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
پرائم منسٹر ڈلیوری یونٹ کا قیام حکومتی پالیسیوں پر موثر عملدرآمد، عوامی فلاحی منصوبوں کی نگرانی اور سرکاری محکموں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے عمل میں لایا گیا تھا۔ یونٹ کا مقصد نہ صرف تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر جیسے اہم شعبوں میں حکومتی ترجیحات پر عملدرآمد کی نگرانی کرنا ہے، بلکہ ملک اور بیرون ملک مقیم پاکستانی شہریوں کو درپیش مسائل کے بروقت حل کو بھی یقینی بنانا ہے۔
بلال اظہر کیانی کی بطور سربراہ تقرری کو حکومتی اور عوامی حلقوں میں سراہا جا رہا ہے، کیونکہ انہیں ایک فعال، اہل اور نوجوان قیادت کے طور پر جانا جاتا ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ وہ اپنی نئی ذمہ داریوں میں بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے ادارے کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنائیں گے۔



