جہلم: سول ہسپتال میں طبی سہولیات کی بہتری کی جانب ایک اور قدم، اوورسیز فاؤنڈیشن یوکے نے 50 بیڈ بلاک کا کام شروع کر دیا، ایم او یو پر ڈی سی جہلم اور چیئرمین اوورسیز فاؤنڈیشن نے دستخط کئے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع جہلم کے سب سے بڑے سول ہسپتال میں طبی سہولیات کی بہتری کے لیے جہلم اوورسیز فاؤنڈیشن یوکے نے 50 بیڈ بلاک پر کام شروع کر دیا ہے۔
اس حوالے سے ایک خصوصی تقریب سول ہسپتال میں منعقد ہوئی جس میں ڈی سی جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق، سی او ہیلتھ ڈاکٹر مظہر حیات اور اوورسیز فاؤنڈیشن یوکے کے چوہدری پرویز اختر اور فرحت ضیاء ایڈوکیٹ نے خصوصی شرکت کی، تقریب میں ایم او یو پر دستخط کئے گئے۔
اس موقع پر ڈی سی جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے اوورسیز فاؤنڈیشن یوکے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلع جہلم کے لوگ جس ملک میں بھی رہیں اپنی مٹی سے جڑے رہتے ہیں سول ہسپتال میں 50 بیڈ کا بلاک بڑی کاوش ہے۔
اس موقع پر سول ہسپتال انتظامیہ اور پیشنٹ ویلفیئر سوسائٹی نے جہلم اوورسیز فاؤنڈیشن یوکے کی کاوشوں پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
