جہلم میں سابق پولیس افسران کے زیر اہتمام سہ ماہی میٹنگ و ظہرانے کا انعقاد

جہلم: ریٹائرڈ پولیس افسران کے زیرِ اہتمام ایک پُروقار، یادگار اور خوشگوار ماحول میں سہ ماہی میٹنگ و ظہرانے کا انعقاد کیا گیا، جس میں پنجاب کے مختلف اضلاع منڈی بہاؤالدین، سرگودھا، چکوال، راولپنڈی، گجرات، گوجرانوالہ اور جہلم سے تعلق رکھنے والے ریٹائرڈ پولیس افسران نے بھرپور شرکت کی۔

یہ سہ ماہی میٹنگ گزشتہ روز جہلم کے ایک نجی مارکی/میرج ہال میں منعقد ہوئی۔ میٹنگ کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت ملک نوشیروان خان (سابق سپرنٹنڈنٹ، پنڈی سیدپور) نے حاصل کی جبکہ نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کرنے کا شرف محمد اشفاق (آف نٹائن) کو ملا، جس سے محفل میں روحانی کیفیت طاری ہو گئی۔

گروپ کے اغراض و مقاصد، انتظامی معاملات، درپیش نقائص اور بہتری کے پہلوؤں پر حاجی عبدالغفور بٹ (سب انسپکٹر) نے تفصیلی روشنی ڈالی، جن کی گفتگو کو شرکاء نے نہایت توجہ سے سنا اور سراہا۔

استقبالیہ خطاب میں چوہدری الفت حسین (سب انسپکٹر) نے دور دراز علاقوں سے تشریف لانے والے تمام معزز افسران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے گروپ کی فلاح و بہبود کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ممبران کی جانب سے دی گئی مثبت تجاویز کو خندہ پیشانی سے قبول کرتے ہوئے آئندہ لائحہ عمل اور اغراض و مقاصد کا حصہ بنایا جائے گا۔

میٹنگ کے دوران فنانس کمیٹی کی کارکردگی پر تمام شرکاء نے اطمینان اور اعتماد کا اظہار کیا، تاہم کمیٹی کے دائرہ کار کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اس کی تعداد میں مناسب اضافے کی متفقہ تجویز بھی پیش کی گئی، جس پر جلد عمل درآمد کی یقین دہانی کروائی گئی۔

اس سادہ مگر پروقار تقریب کے مہمانِ خصوصی چوہدری محمد افضل ورک (سابق ایس ایس پی) تھے، جو خصوصی طور پر گوجرانوالہ سے تشریف لائے۔

انہوں نے میٹنگ و ظہرانے کے شاندار انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگرچہ پنجاب بھر میں پولیس کے کئی گروپس موجود ہیں، مگر جس اپنائیت، انس اور محبت کا مظاہرہ یہاں دیکھنے کو ملا، اس کی مثال کہیں اور نہیں ملتی۔ ایسے پروگرامز ریٹائرڈ افسران کے لیے ماضی کی حسین یادوں کو تازہ کرنے اور باہمی رشتوں کو مضبوط بنانے کا بہترین ذریعہ ہوتے ہیں۔

سہ ماہی میٹنگ کی ایک منفرد اور خوشگوار جھلک قرعہ اندازی کے ذریعے دس خوش نصیب افسران کے لیے دس، دس ہزار روپے کے نقد انعامات کا اعلان تھا، جو مہمانِ خصوصی کے دستِ مبارک سے تقسیم کیے گئے، جس پر محفل میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

آخر میں شرکاء کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانے کا اہتمام کیا گیا، جس کے بعد دعائے خیر کے ساتھ تقریب اختتام پذیر ہوئی اور مہمانوں کو محبت و احترام کے ساتھ رخصت کیا گیا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button