پی ایم اے جہلم کے زیر اہتمام یومِ تکبیر کی پروقار تقریب، ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا

جہلم: پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) جہلم کے زیر اہتمام یومِ تکبیر کے موقع پر پی ایم اے ہاؤس میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایٹمی پروگرام کے معمار، محسنِ پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

تقریب میں ڈاکٹر عبدالغفور ملک، ڈاکٹر شہزانہ امتیاز، ڈاکٹر شیبہ اکرم ہاشمی، عبدالغفور چوہان، ڈاکٹر عبدالشکور ملک، ڈاکٹر تفسیر حسین گوندل، ڈاکٹر محمود الحسن، ڈاکٹر میجر سعدیہ، ڈاکٹر روبینہ فیاض سمیت حمیرا ایڈووکیٹ اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔

مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 28 مئی 1998 کا دن پاکستان کی تاریخ میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جب ایٹمی دھماکوں کے ذریعے وطن عزیز نے اپنی دفاعی طاقت کو ناقابلِ تسخیر بنا دیا۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور ان کی ٹیم کی انتھک محنت، قومی جذبے اور غیر معمولی کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

تقریب کے دوران شرکاء نے یومِ تکبیر کی قومی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کی خودمختاری، سلامتی اور استحکام کے لیے ہر ممکن قربانی دی جائے گی۔

اختتام پر پاکستان کی ترقی و سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی اور مسلح افواج و قومی ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب کا ہال "پاکستان زندہ باد” اور "پاک فوج زندہ باد” کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھا، جس نے شرکاء کے حب الوطنی کے جذبے کو مزید تقویت بخشی۔

Exit mobile version