پولیس عوام کی خدمت کیلئے ہے، شہریوں کے مسائل کا بروقت اور شفاف حل اولین ترجیح ہے۔ آر پی او بابر سرفراز الپا

پنڈدادنخان/جہلم: ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا نے ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کے ہمراہ ضلع جہلم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تھانہ جلالپور شریف اور تھانہ پنڈدادنخان میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا، تھانہ پنڈدادنخان اور پولیس خدمت مرکز کا معائنہ کیا جبکہ تھانہ جلالپور شریف کی نئی تعمیر شدہ عمارت کا افتتاح بھی کیا۔
کھلی کچہریوں میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل، شکایات اور تجاویز آر پی او کے سامنے پیش کیں۔ بابر سرفراز الپا نے شہریوں کی درخواستیں خود سنیں اور متعلقہ پولیس افسران کو موقع پر ہی درخواستوں پر میرٹ اور قانون کے مطابق فوری کارروائی کرتے ہوئے مسائل کے حل کے احکامات جاری کیے۔
اس موقع پر آر پی او نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ پبلک سروس ڈیلیوری کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے، تھانوں میں آنے والے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور عزت و احترام سے پیش آیا جائے اور ان کی شکایات کا بروقت اور میرٹ پر ازالہ یقینی بنایا جائے۔
آر پی او بابر سرفراز الپا نے کہا کہ پولیس عوام کی خدمت کے لیے ہے اور شہریوں کے مسائل کا بروقت اور شفاف حل پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام تک خود پہنچنا، ان کی شکایات براہِ راست سننا اور مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کرنا ہے، بالخصوص ایسے علاقوں میں جہاں شہریوں کو اعلیٰ پولیس افسران تک رسائی میں مشکلات پیش آتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد کا مضبوط رشتہ قائم کرنے میں کھلی کچہریاں مؤثر کردار ادا کر رہی ہیں اور اس سلسلے کو مزید فعال بنایا جائے گا۔
دورے کے دوران آر پی او نے تھانہ پنڈدادنخان کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور تھانے کی عمارت، صفائی ستھرائی، ریکارڈ، فرنٹ ڈیسک، مال خانہ، حوالات اور میس ہال سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پولیس افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی کہ تھانے آنے والے شہریوں کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آئیں، ایف آئی آر کا اندراج انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کی ہدایات کے مطابق مقررہ ٹائم لائن کے اندر یقینی بنائیں اور زیرِ تفتیش مقدمات کو جلد از جلد میرٹ پر یکسو کیا جائے۔
بابر سرفراز الپا نے کہا کہ سرکاری تنصیبات ملک و قوم کی امانت اور پنجاب پولیس کا اثاثہ ہیں، ان کی دیکھ بھال اور حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ تھانوں کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، جبکہ پولیس کی کارکردگی جانچنے کے لیے تھانوں اور دفاتر کے دوروں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
بعد ازاں آر پی او نے پولیس خدمت مرکز پنڈدادنخان کا دورہ کیا، جہاں شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور سروس ڈیلیوری کے نظام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس خدمت مراکز کے ذریعے عوام کو جدید، آسان اور مؤثر سہولیات کی فراہمی خوش آئند ہے۔ عوامی خدمت اور مؤثر پولیسنگ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
اس موقع پر ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ، میرٹ پر انصاف کی فراہمی اور پولیس سروسز کو عوام کے لیے مزید آسان اور مؤثر بنانا جہلم پولیس کی اولین ترجیحات ہیں۔ تھانوں میں آنے والے شہریوں کی شکایات کا فوری اور میرٹ پر ازالہ پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کرنے والے اہلکاروں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی جائے گی۔
دورے کے آخری مرحلے میں آر پی او راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا نے ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کے ہمراہ تھانہ جلالپور شریف کی نئی تعمیر شدہ عمارت کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں ایس ڈی پی او پنڈدادنخان، ایس ایچ او تھانہ جلالپور شریف، پولیس کے سینئر افسران، معززینِ علاقہ اور پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ڈی پی او جہلم کے مطابق تھانہ جلالپور شریف کی نئی عمارت جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تعمیر کی گئی ہے، جس میں سائلین کے لیے علیحدہ استقبالیہ، صاف ستھرا ماحول، مناسب انتظار گاہ، جدید دفاتر، حوالات اور ریکارڈ روم کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ نئی عمارت سے شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی جبکہ پولیس اہلکاروں کو بھی اپنے فرائض کی انجام دہی میں آسانی ہوگی۔
آر پی او بابر سرفراز الپا نے کہا کہ پولیس انفراسٹرکچر کی بہتری سے سروس ڈیلیوری میں نمایاں بہتری آتی ہے اور عوام کا پولیس پر اعتماد مزید مضبوط ہوتا ہے۔ انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کے ساتھ حسنِ سلوک کو یقینی بناتے ہوئے ان کے مسائل کے حل میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور قانون کے مطابق انصاف کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔



