تھانہ جلالپور شریف کے علاقے میں ڈکیتی و لوٹ مار کی وارداتیں جاری، شہری عدم تحفظ کا شکار

پنڈدادنخان: تھانہ جلالپور شریف کے علاقے میں امن قائم نہ ہوسکا، لوٹ مار، ڈکیتی اور قبضے کی وارداتیں جاری ، شہری راتیں جاگ کر گزارنے پر مجبور ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں تھانہ جلالپور شریف کے علاقے میں امن و امان کی صورتحال پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوٹ مار، ڈکیتی اور دیگر جرائم کی وارداتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔
گزشتہ ہفتے ایک ہی رات میں پیش آنے والی دو ڈکیتی کی وارداتوں کا تاحال کوئی سراغ نہ مل سکا اور نہ ہی کسی ملزم کو گرفتار کیا جا سکا ہے۔
ذرائع کے مطابق تھانہ جلالپور شریف کے قریب نامعلوم تین موٹرسائیکل سوار ڈاکو سرِ شام میاں بیوی سے طلائی زیورات اور موبائل فونز چھین کر فرار ہو گئے۔ اسی روز پننوال کے رہائشی ایک تاجر کی دکان میں داخل ہو کر ڈاکوؤں نے نقدی لوٹ لی اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی وارداتوں کے باعث لوگ خوف و ہراس کا شکار ہیں اور راتیں جاگ کر گزارنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔
علاقہ مکینوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری سے مطالبہ کیا ہے کہ وارداتوں کا فوری نوٹس لیا جائے، ملزمان کی گرفتاری یقینی بنائی جائے اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہری خود کو محفوظ محسوس کر سکیں۔



