زمین تنازع کیس؛ سوہاوہ میں شہریوں کو فائرنگ کر کے زخمی کرنے والے 4 ملزمان کو قید اور جرمانے کی سزائیں

سوہاوہ: سول جج سوہاوہ وقاص مرتضیٰ جنجوعہ نے تھانہ ڈومیلی کے علاقے بھوجو موڑہ میں زمین کے دیرینہ تنازعہ پر ہونے والے جھگڑے اور فائرنگ کے مقدمہ کا فیصلہ سناتے ہوئے 4 مرکزی ملزمان کو قید اور بھاری جرمانوں کی سزائیں سنا دیں جبکہ دیگر ملزمان کو بری کر دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے علاقے ڈومیلی میں 27 اکتوبر 2024 کو بھوجو موڑہ میں زمین کے تنازعہ پر دو فریقین کے درمیان شدید جھگڑا اور فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا، جس کے نتیجے میں 4 افراد شدید زخمی ہو گئے تھے۔ واقعہ کے بعد تھانہ ڈومیلی پولیس نے مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کی تھی۔
کیس کی حتمی سماعت کے دوران مدعی مقدمہ کے وکیل ایڈووکیٹ راجہ گل زمان نے عدالت کے روبرو مضبوط اور مدلل دلائل پیش کیے۔ عدالت نے گواہوں کے بیانات اور شواہد کی روشنی میں جرم ثابت ہونے پر ملزمان کو مختلف سزائیں سنائیں۔
عدالت کے فیصلے کے مطابق ملزم کبیر کو 7 سال قید اور 82 لاکھ روپے جرمانہ، ملزم رفاقت کو 5 سال قید اور 3 لاکھ روپے جرمانہ، ملزم محمد علی کو 5 سال قید اور 2 لاکھ روپے جرمانہ اور ملزم اقبال کو 5 سال قید اور 2 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی گئی۔
عدالت نے مقدمہ میں نامزد دیگر ملزمان کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کرنے کا حکم بھی جاری کیا۔
طویل قانونی کارروائی کے بعد فیصلہ حق میں آنے پر مدعی مقدمہ نے اپنے وکیل ایڈووکیٹ راجہ گل زمان کی بہترین پیروی اور مؤثر دلائل کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
اہل علاقہ نے بھی اس اہم کیس کے منطقی انجام اور متاثرہ فریق کو انصاف کی فراہمی پر عدالتی فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔



