عیدالاضحیٰ پر شہریوں کو صاف، محفوظ اور بہترین ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیر صدارت عیدالاضحیٰ کے انتظامات کے حوالے سے جہلم پریس کلب کے عہدیداران و ممبران کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی، صفائی ستھرائی، سکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ اور مویشی منڈیوں کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل و مینیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی جہلم علیزہ ریحان بھی شریک تھیں جبکہ ضلعی انتظامیہ اور میڈیا کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس کے دوران میڈیا نمائندگان اور ممبران پریس کلب جہلم نے شہری مسائل، صفائی کے نظام، ٹریفک کی روانی اور مویشی منڈیوں سے متعلق مختلف تجاویز اور آراء پیش کیں۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے کہا کہ میڈیا عوامی شعور اجاگر کرنے اور انتظامی اقدامات بروقت عوام تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عیدالاضحیٰ کے دوران مثالی انتظامات یقینی بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق ستھرا پنجاب ایجنسی کا عملہ عید کے تینوں روز مکمل طور پر فیلڈ میں متحرک رہے گا جبکہ قربانی کی آلائشوں کو محفوظ اور ماحول دوست انداز میں ٹھکانے لگانے کیلئے شہریوں میں 45 ہزار بائیو ڈیگریڈیبل بیگز تقسیم کیے جا رہے ہیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کیلئے ضلعی اور تحصیل سطح پر خصوصی کنٹرول رومز قائم کیے جا رہے ہیں جبکہ تمام ضلعی افسران عید کے تینوں دن فیلڈ میں موجود رہ کر انتظامات کی نگرانی کریں گے۔

سکیورٹی، ٹریفک اور صفائی کے حوالے سے تمام متعلقہ ادارے ہمہ وقت متحرک رہیں گے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ڈپٹی کمشنر جہلم نے واضح کیا کہ صفائی، نظم و ضبط اور عوامی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ شہریوں کو صاف، محفوظ اور بہتر ماحول فراہم کرنے کیلئے مکمل باہمی ہم آہنگی کے ساتھ فرائض انجام دیے جائیں۔

اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے شہریوں سے اپیل کی کہ قربانی کی آلائشوں کو کھلے مقامات پر پھینکنے کے بجائے ستھرا پنجاب کی ٹیموں کے حوالے کریں اور شہر کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔

اس موقع پر میڈیا نمائندگان اور ممبران جہلم پریس کلب نے بھی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button