سوہاوہ میں پانچ روزہ پولیو مہم 28 اکتوبر سے شروع ہو گی، سید کاظم عباس نقوی

سوہاوہ: سید کاظم عباس نقوی نے کہا کہ پولیو ایک مہلک مرض ہے، پاکستان اور افغانستان کے علاوہ تقریباً پوری دنیا پولیو سے پاک ہے۔ پولیو مہم 28 اکتوبر تا یکم نومبر 2024 سے ملک بھر میں شروع ہوگی۔
سید کاظم عباس نقوی انچارج یونین کونسل سوہاوہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں بھی ہماری پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر 5 سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی اور ساتھ وٹامن A کی اضافی خوراک بھی دیں گی۔
انہوں نے کہا کہ تمام لوگوں سے گزارش ہے کہ پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اور پاکستان سے پولیو کے خاتمے میں مدد کریں۔ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے دو قطرے پلاناہمارا قومی فریضہ ہے کیونکہ پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کے دو قطرے پلا کر ہی اپنی نسل کو معذوری سے بچا سکتے ہیں۔
سید کاظم عباس نقوی نے کہا کہ آئیں پولیو ویکسین کی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور پیدائش سے لے کے پانچ سال تک کوئی بچہ بھی پولیو سے بچاؤ کی ویکسین سے محروم نہ رہے، ہمارا عزم پولیو فری پاکستان ہے۔



