جہلم کے علاقے سکھا میں 17 ویں سالانہ سیرت النبیﷺ کانفرنس اختتام پذیر

جہلم: جامع مسجد نور سکھا جہلم میں 17 ویں سالانہ سیرت النبی ﷺ کانفرنس بخیروعافیت اختتام پذیر ہوگئی۔

کانفرنس میں جید علمائے کرام، مشائخ عظام، قراء کرام، نامور نعت خواں حضرات اور مختلف شعبۂ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ علاقہ سکھا میں منعقد ہونے والی اس عظیم الشان اور مرکزی سیرت کانفرنس کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے تھے۔

کانفرنس میں مہمانِ خصوصی چیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان و نائب صدر ملی یکجہتی کونسل پاکستان حضرت علامہ زاہد محمود قاسمی نے خصوصی شرکت کی اور نہایت مؤثر خطاب کیا۔ مرکزی علماء کونسل کی قیادت کے سکھا پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا، قائدین پر گل پاشی کی گئی جبکہ مدرسے کے طلباء نے پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔

کانفرنس امیر تحریک خدام اہل سنت والجماعت پنجاب حضرت مولانا قاری محمد ابوبکر صدیق کی زیرصدارت، استاذالعلماء حضرت مولانا عبدالقدوس اعوان دامت برکاتہم کی زیر سرپرستی اور بانی مسجد قاری حکیم شبیر احمد عثمانی کی نگرانی میں منعقد ہوئی۔ محفل کا آغاز نمازِ عشاء کے بعد قاری عبدالوہاب کی خوبصورت تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔

محفل میں حمد و نعت کا سلسلہ بھی جاری رہا جس میں حافظ عبدالصمد، حافظ محمد کامران، عبدالمتین، معروف نعت خواں حافظ ظہیر فاروقی آف دینہ اور مولانا قاری آصف رشیدی نے حصہ لیا۔ عالمی شہرت یافتہ قاری محمد حماد انور نَفیسی آف گوجرانوالہ نے خصوصی تلاوت کر کے محفل کو چار چاند لگا دیے۔

کانفرنس سے صدر جلسہ حضرت مولانا قاری محمد ابوبکر صدیق، حضرت مولانا عبدالقدوس اعوان، استاذ القراء قاری خالق داد عثمان، حضرت مولانا حبیب الرحمن ضیاء، مہمان خصوصی علامہ زاہد محمود قاسمی اور مرکزی جنرل سیکرٹری علامہ مولانا شاہ نواز فاروقی نے خطاب کیا۔ نقابت کے فرائض مولانا سجاد محمود نے سرانجام دیے۔

اختتامی دعا پیر طریقت حضرت مولانا قاری عطاء اللہ طارق امیر تحریک خدام اہل سنت والجماعت راولپنڈی ڈویژن نے کروائی۔ اس موقع پر الحسنات میڈیا کے چیف ایگزیکٹو مولانا عمر فاروق بھی خصوصی طور پر شریک ہوئے۔

کانفرنس کے شرکاء کے لیے کھانے، سیکیورٹی اور پارکنگ کے بہترین انتظامات کیے گئے۔ مقامی نوجوانوں کے ساتھ ضلعی انتظامیہ کے پولیس اہلکار بھی سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیتے رہے، جبکہ انتظامات میں سیرت کمیٹی سکھا اور مجددیہ اسٹوڈنٹ موومنٹ کے نوجوان پیش پیش رہے۔

کانفرنس میں ضلع بھر کے جید علمائے کرام نے شرکت کی جن میں خصوصاً شیخ الحدیث حضرت مولانا ظفر اقبال، استاذ الحدیث مولانا عبد الودود، حضرت مولانا قاری عطا اللہ طارق، مولانا قاری خالق داد عثمان، مولانا حافظ محمد سعید، مولانا عمر فاروق سرگودھوی، مولانا قاری طارق صادق سرائے عالمگیر، شیخ الحدیث مولانا نذیر الرحمن اور دیگر معروف علمائے کرام شامل تھے۔

کانفرنس کے موقع پر مدرسہ کے تین طلباء نے حفظِ قرآن کی تکمیل کرتے ہوئے اپنا آخری سبق بھی سنایا جس پر حاضرین نے بے حد مسرت کا اظہار کیا۔

علمائے کرام اور منتظمین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس بابرکت اجتماع کے ثمرات کو قبول فرمائے اور جامع مسجد نور سکھا کے اس روحانی و علمی سلسلے کو تا قیامت آباد رکھے۔ آمین۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button