دینہ: پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایمرجنسی 15 پر جھوٹی کال کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق تھانہ منگلا کینٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایسے شخص کو گرفتار کیا جس نے ایمرجنسی 15 پر کال کرکے ہوائی فائرنگ کے حوالے سے جھوٹی اطلاع دی تھی۔
پولیس کے مطابق جھوٹی اطلاع کے نتیجے میں پولیس کا قیمتی وقت اور سرکاری وسائل ضائع ہوئے، جس پر ملزم کے خلاف تھانہ منگلا کینٹ میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ ایمرجنسی 15 عوام کی فوری مدد اور بروقت پولیس رسپانس کے لیے قائم کی گئی ہے۔ جھوٹی یا گمراہ کن کالز نہ صرف قانوناً جرم ہیں بلکہ حقیقی ضرورت مند شہریوں تک بروقت مدد پہنچانے میں بھی رکاوٹ بنتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
