دینہ کے علاقے پیر بھچر شریف میں سڑک کی ازسرنو تعمیر مکمل، عید پر عوام کیلئے خوشحال پنجاب کا عملی تحفہ

دینہ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے "خوشحال پنجاب” ویژن کو عملی جامہ پہناتے ہوئے وفاقی وزیر مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی نے ضلع جہلم کی معروف روحانی بستی "پیر بھچر شریف” جانے والی خستہ حال سڑک کی فوری بہتری کا نوٹس لیتے ہوئے مختصر ترین عرصے میں نئی سڑک کی تعمیر مکمل کروا دی۔
یہ سڑک اہل علاقہ اور آستانہ عالیہ سے وابستہ عقیدت مندوں و زائرین کے لیے عید کے موقع پر ایک خصوصی تحفہ بن کر سامنے آئی، جس پر عوام کی جانب سے وفاقی وزیر، مقامی قیادت اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا گیا۔
سابق ایم پی اے مہر محمد فیاض، چیف کوآرڈینیٹر راجہ علی(سلطان پور)، ہر دلعزیز سیاسی شخصیت راجہ لیاقت اور میاں سجاد کی خصوصی کاوشوں کو بھی بھرپور سراہا گیا جنہوں نے اس دیرینہ عوامی مسئلے کے حل کے لیے مستقل بنیادوں پر کوششیں جاری رکھیں۔
وفاقی وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے بروقت نوٹس لیتے ہوئے نہ صرف اس منصوبے کی منظوری حاصل کی بلکہ فنڈز کی فوری فراہمی کو بھی یقینی بنایا۔ تعمیراتی ذمہ داری معروف ٹھیکیدار راجہ افراسیاب کے سپرد کی گئی، جنہیں ہدایت کی گئی کہ وہ جلد از جلد اور معیاری سڑک کی تعمیر مکمل کریں۔
پنجاب ہائی وے کے ایس ڈی او نوید اشرف اور ان کی ٹیم نے تعمیراتی مراحل کی مسلسل نگرانی کی، تاکہ میٹریل اور کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ ہو۔ روڈ کی تعمیر کے دوران مقامی لوگوں نے بھرپور تعاون فراہم کیا، جس کی بدولت یہ منصوبہ تیزی سے مکمل ہوا۔
اہل علاقہ نے کہا کہ پیر بھچر شریف روڈ کی ازسرنو تعمیر نہ صرف ایک دیرینہ عوامی مطالبے کی تکمیل ہے بلکہ یہ مریم نواز کے "خوشحال پنجاب” وژن کی عملی مثال بھی ہے۔ عوام نے وفاقی وزیر بلال اظہر کیانی، مقامی قیادت اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اسی جذبے سے دیگر مسائل بھی جلد حل کیے جائیں گے۔



