الخدمت فاؤنڈیشن جہلم کے زیر اہتمام رضاکاروں کے اعزاز میں افطار و ڈنر، تعریفی اسناد تقسیم

جہلم/سوہاوہ: الخدمت فاؤنڈیشن ضلع جہلم کے زیر اہتمام انسانیت کی خدمت کرنے والے رضاکاروں کے اعزاز میں ایک پروقار افطار و ڈنر پارٹی کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا مقصد سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کے دوران فرنٹ لائن پر کام کرنے والے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔
تقریب کی صدارت امیر جماعت اسلامی ضلع جہلم ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری نے کی جبکہ دیگر مہمانوں میں فیاض بٹ (انچارج بنو قابل پروگرام ضلع جہلم)، یحییٰ عبدالعزیز، حبیب رضا بٹ (صدر الخدمت فاؤنڈیشن ضلع جہلم) اور عبدالباسط (صدر جماعت اسلامی یوتھ ضلع جہلم) شامل تھے۔ تقریب میں ضلع بھر سے تعلق رکھنے والے رضاکاروں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر ان رضاکاروں کو خصوصی تعریفی اسناد سے نوازا گیا جنہوں نے سیلاب اور دیگر ناگہانی آفات کے دوران فرنٹ لائن پر رہتے ہوئے مثالی خدمات انجام دیں۔ مقررین نے کہا کہ الخدمت کے رضاکار معاشرے کا اصل سرمایہ ہیں جو کسی صلے یا مفاد کی تمنا کے بغیر دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف رہتے ہیں۔
مہمانِ خصوصی ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری اور دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی پہچان اس کے مخلص رضاکار ہیں۔ چاہے سیلاب ہو یا زلزلہ، ان نوجوانوں نے ہمیشہ ثابت کیا ہے کہ وہ انسانیت کی خدمت کے لیے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "بنو قابل” جیسے پروگراموں کے ذریعے نوجوانوں کو نہ صرف خدمتِ خلق کی جانب راغب کیا جا رہا ہے بلکہ انہیں معاشی طور پر مستحکم بنانے کی کوششیں بھی کی جا رہی ہیں۔
تقریب کے اختتام پر تمام رضاکاروں کے اعزاز میں افطار و ڈنر کا اہتمام کیا گیا جہاں نوجوانوں نے ایک دوسرے کے ساتھ اپنے فیلڈ کے تجربات بھی شیئر کیے اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ خدمتِ انسانیت کا یہ سفر آئندہ بھی اسی جوش و جذبے کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔



