سوہاوہ میں شہریوں کو کاٹنے والے خطرناک کتے کا مالک گرفتار، مقدمہ درج

سوہاوہ: تھانہ ڈومیلی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لوگوں کو کاٹنے والے کتے کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں تھانہ ڈومیلی پولیس کو شہری کی جانب سے درخواست موصول ہوئی کہ ملزم کا کتا راہگیروں کو کاٹتا ہے اور علاقے میں خوف و ہراس پھیلا رہا ہے۔ شکایت کے مطابق کتے کے مالک کو متعدد بار آگاہ کیا گیا مگر اس نے مسئلے کے حل کے لیے کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا۔
ایس ایچ او تھانہ ڈومیلی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا اور ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ عوامی شکایات پر فوری قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔



