جہلم شہر سمیت ملحقہ آبادیوں میں غیرمقامی افراد کی بھرمار، کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزیاں جاری، مالک مکان بغیر کرایہ داری ایکٹ کے بین الاضلاعی افراد کو گھر کرائے پر دینے لگے۔ شہر چوروں ، ڈاکوؤں ، لٹیروں کی محفوظ پناہ گاہ بن گیا، چوریوں ، ڈکیتیوں میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر کے مختلف علاقوں جن میں کالا گجراں، کنتریلہ، کشمیر کالونی ، بالا بھٹیال،موڑہ کریم بخش،چک جمال، اسلام پورہ، کریم پورہ ، چونترہ ، کھرالہ ، سعیلہ ، بگا، نوگراں سمیت دیگر علاقوں میں غیر مقامی افراد کی بھرمار ہو چکی ہے۔ ہرگزرتے دن پر نئے چہرے علاقے میں بغیر کرائے داری رجسٹریشن کے گھرکرائے پر لیتے دکھائی دیتے ہیں۔
شہری تنظیموں کے عمائدین کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ جہلم سمیت ملک بھر میں کرایہ داری ایکٹ 2015 مکمل طور پر نافذ عمل ہے لیکن شہر کے مختلف علاقوں میں کرایہ داری ایکٹ کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کرایہ داری ایکٹ کے تحت مالک مکان کسی بھی کرائے دار کو مکان کرایے پر دینے کے فوراً بعد کرایے دار کے تمام کوائف متعلقہ تھانے میں درج کروانے کے پابند ہوتے ہیں ۔قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب مالک مکان اور کرایے دارکو چھ ماہ قید اور دس ہزار جرمانے کی سزا تجویز کی جاچکی ہے ،لیکن شہر سمیت ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں قانون پر ایک فیصد بھی عمل ہوتا دکھائی نہیں دے رہا۔ سینکڑوں افراد اس وقت شہر سمیت ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں موجود ہیں جوبظاہر مختلف کارروبار سے وابسطہ ہیں۔
شہری تنظیمو ں کے عمائدین نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کو مذکورہ علاقوں میں کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزیاں کرنے پر سرچ آپریشن کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز کو کرایہ دای ایکٹ پر عملدرآمد کروانے کا مطالبہ کیاہے تاکہ چوری چکاری اور جرائم کی وارداتوں میں کمی واقع ہو سکے۔
