محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے سکول ٹیچر انٹرنز (STIs) کے لیے نئی پالیسی متعارف کرا دی ہے جس کے تحت انٹرن اساتذہ کو مستقل ملازمت کے لیے ٹیچر لائسنس حاصل کرنا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق سکول ٹیچر انٹرنز تین سال بعد ٹیچر لائسنس حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔ اس مقصد کے لیے ایس ٹی آئیز پر ٹیچر لائسنسنگ کے لیے 3 سالہ کنٹریکٹ مکمل کرنے کی شرط عائد کر دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایس ٹی آئیز کے کنٹریکٹ کی معیاد ہر سال کارکردگی کی بنیاد پر بڑھائی جائے گی جبکہ تین سال کا کنٹریکٹ مکمل کرنے والے اساتذہ کا ٹیچر لائسنس کے لیے باقاعدہ ٹیسٹ لیا جائے گا۔ ٹیسٹ میں کامیاب ہونے والے اساتذہ کو ہی ٹیچر لائسنس جاری کیا جائے گا۔
محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق آئندہ اساتذہ کو مستقل کرنے کے لیے صرف ٹیچر لائسنس کو بنیاد بنایا جائے گا۔ صرف انٹرن شپ کی بنیاد پر کسی بھی ٹیچر کو مستقل نہیں کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق اس وقت پنجاب بھر میں تقریباً 25 ہزار سکول ٹیچر انٹرنز مختلف سرکاری سکولوں میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ نئی پالیسی کے تحت اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور تعلیمی معیار کو مزید مؤثر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
