دینہ شہر سے تقریباً سات کلومیٹر جبکہ جی ٹی روڈ رتیال سے ڈھائی کلومیٹر کے فاصلے پر واقع گاؤں دھمیال پٹی موضع تین پورہ یونین کونسل سوہن بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ اس گاؤں کے علاوہ چک لودھی، بیکڑا پیراں، بیکڑا گجراں، بڈھن میرا اور ڈھوک مالو کی آبادیاں بھی اسی مسئلے کا شکار ہیں۔
اس علاقے میں مشہور سیاحتی مقام ڈیم تین پورہ بھی موجود ہے جہاں دور دراز سے لوگ پکنک کے لیے آتے ہیں، تاہم مقامی آبادی بنیادی سہولیات سے محرومی کا شکار ہے۔ اہل علاقہ کے مطابق سب سے بڑا مسئلہ سڑک کا ہے۔ برسات کے موسم میں اگر کوئی بیمار ہو جائے تو اسے جی ٹی روڈ تک چارپائی پر اٹھا کر لے جانا پڑتا ہے جس میں کم از کم دو گھنٹے لگ جاتے ہیں۔
علاقہ مکینوں نے بتایا کہ دوسرا بڑا مسئلہ تعلیمی سہولتوں کا ہے کیونکہ قریبی سکول تقریباً چار کلومیٹر دور ہے جہاں چھوٹے بچوں کو روزانہ پیدل جانا پڑتا ہے۔ اس کے علاوہ بنیادی مرکز صحت بھی موجود نہیں جس کی وجہ سے معمولی بیماری کی صورت میں بھی لوگوں کو آر ایچ سی دینہ جانا پڑتا ہے۔ خاص طور پر خواتین کو زچگی کے دوران شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اہل علاقہ نے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اپیل کی ہے کہ علاقے کے مسائل پر فوری توجہ دی جائے اور سڑک، صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات فراہم کر کے انہیں بھی ایک پاکستانی شہری ہونے کا حق دیا جائے۔
