پی ٹی آئی فرانس کی میزبانی میں ورلڈ اوورسیز کانفرنس اور کنونشن کا انعقاد

پیرس: پاکستان تحریک انصاف فرانس کی میزبانی میں پی ٹی آئی ورلڈ اوورسیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں برطانیہ ، کینیڈا اور یورپ بھر سے کئی ملکوں کے وفود نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمان خصوصی فوکل پرسن چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان برائے یورپ و برطانیہ صاحبزادہ عامر جہانگیر تھے۔ اوورسیز ورلڈ کانفرنس کے بنیادی مقاصد میں اوورسیز کی سطح پر پارٹی کو مزید متحرک کرنا، چیئرمین عمران خان کی قیادت اور وژن پر مکمل اعتماد اور بھرپور سپورٹ کا اعادہ، پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات میں پی ٹی آئی امیدواران کی ہر قسم کی حمایت کرنا، اس مشکل وقت میں پارٹی کیلئے زیادہ سے زیادہ فنڈ اکٹھے کرنا اور اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ اور ووٹ کے حق کیلئے جدوجہد کرنا شامل تھا۔
اس موقع پر کانفرنس کے شرکاء کا جوش و جذبہ قابل دید تھا اور ہال پاکستان زندہ باد ، عمران خان زندہ باد ، کون بچائے گا پاکستان عمران خان ، ظلم کا جواب ووٹ سے ، پی ٹی آئی زندہ باد کے نعروں سے گونجتا رہا ۔
کانفرنس کے شرکاء نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے عمران خان اور پی ٹی آئی کے ساتھ پاکستان میں ہونے والی زیادتیوں اور نا انصافیوں پر کھل کر اپنے غم و غصے اور تحفظات کا اظہار کیا۔انہوں نے تحریک انصاف کے کارکنوں و عہدیداران کے گھروں پر پولیس چھاپوں ، چادر و چاردیواری کے تقدس کی پامالی اور خواتین و کارکنوں کے ساتھ بدسلوکی اور انسانیت سوز سلوک کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی۔
مقررین نے کہا کہ جنرل انتخابات کے موقع پر جس طرح سے پی ٹی آئی کے امیدواران کو انتخابی نشان سے محروم کرنے جیسے حربے اور پی ٹی آئی امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع کروانے سے روکا جا رہا اور کاغذات نامزدگی چھنے جارہے ہیں یہ انتہائی گھٹیا اور شرمناک اقدامات ہیں اور ایسے دھاندلی زدہ انتخابات کے نتیجہ کو کوئی بھی تسلیم نہیں کرے گا۔
کانفرنس کے شرکاء نے یک زبان ہو کرالیکشن کمیشن و نگران حکومت کے اس رویے کی بھر پور مذمت کی۔ اس موقع پر شرکا نے اعلان کیا کہ وہ پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات میں بھرپور شرکت کریں گے اور پی ٹی آئی امیدواروں کو ہر قسم کی سپورٹ فراہم کریں گے ۔
تقریب کے مہمان خصوصی صاحبزادہ عامر جہانگیر نے پی ٹی آئی فرانس کی پوری ٹیم کو کانفرنس کے شاندار انعقاد پر مبارک باد پیش کی اور عمران خان اور پارٹی کے حوالے سے سب کو مکمل اتحاد و اتفاق سے چلنے کی ضرورت پر زور دیا۔ کانفرنس کے شرکاء نے عمران خان کی قیادت پر مکمل یقین و اعتماد کا اظہار کیا ۔
کانفرنس میں قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا۔ صاحبزادہ عامر جہانگیر کی جانب سے تمام چیپٹرز کے کارکنان کو ستائشی سرٹیفکیٹ بھی دیئے گئے۔
تقریب کے آخر میں عمران خان کی صحت و سلامتی کیلئے مشترکہ دعا بھی کروائی گئی۔ پی ٹی آئی اوورسیز ورلڈ کانفرنس کی کامیابی کیلئے دن رات محنت کرنے والوں میں پی ٹی آئی فرانس کے رہنما کنوینر میاں ذوالفقار جتالہ ، یاسر قدیر ، چوہدری گلزار لنگڑیال ، چوہدری ماجد چیمہ،اشفاق جٹ، چوہدری اعجاز جٹ ، لالہ شبیر برہان ، یاسر خان و دیگر شامل تھے۔


