پنڈدادنخان میں مبینہ طور پر زہریلی چیز پلا کر تشدد کے بعد 70 سالہ بزرگ کو قتل کر دیا گیا، پولیس نے میاں بیوی کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں تھانہ جلالپور شریف کے علاقے میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا جہاں مبینہ طور پر میاں بیوی نے 70 سالہ بزرگ کو زہریلی چیز پلا کر تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ دورانِ علاج جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق مقتول محمد اسلم ولد محمد امین، سکنہ محلہ نثار آباد پننوال، نے ملزمان میاں بیوی کو تین لاکھ روپے ادھار دے رکھے تھے۔ رقم کی واپسی کا مطالبہ کرنے پر وہ ان کے گھر گئے جہاں مبینہ طور پر ملزمہ خورشید بی بی نے شربت میں زہریلی چیز ملا کر پلائی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ بزرگ کی حالت غیر ہونے پر ملزمان نے انہیں مبینہ تشدد کا نشانہ بنایا اور کمرے میں بند رکھا۔ بعد ازاں ملزمان نے انہیں مردہ سمجھ کر لوڈر رکشہ میں ڈال کر پنڈدادنخان جہلم روڈ پر پل نالہ گھنڈر کے قریب ویرانے میں پھینک دیا۔
راہگیروں نے بزرگ شہری کو بے ہوشی کی حالت میں دیکھ کر فوری طور پر اسپتال منتقل کیا، جہاں ہوش میں آنے پر محمد اسلم نے پولیس کو اپنا ابتدائی بیان ریکارڈ کروایا اور تمام صورتحال سے آگاہ کیا۔
ایس ایچ او کے مطابق مقتول نے مرنے سے قبل اپنے بیان میں اہم انکشافات کیے، تاہم زخموں اور مبینہ زہریلی چیز کے اثرات کے باعث وہ دورانِ علاج دم توڑ گئے۔
واقعے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر لیا جبکہ بعد ازاں نامزد ملزم ارشد اور اس کی اہلیہ کو ان کے گھر سے گرفتار کر لیا گیا۔
اہل علاقہ اور سماجی حلقوں نے واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سفاک ملزمان کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے تاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف مل سکے۔
