جہلم میں پی ایچ اے کے آپریشنز کا آغاز، پارکوں اور گرین بیلٹس کی بہتری کیلئے اقدامات تیز

جہلم: پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) نے ضلع جہلم میں اپنے آپریشنز کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد شہر کے ماحولیاتی حسن میں اضافہ، سبزہ زاروں کی بہتری اور شہریوں کو بہتر تفریحی سہولیات کی فراہمی ہے۔

ضلعی انچارج پی ایچ اے سنیہ صافی کے مطابق اتھارٹی کے زیر انتظام ضلع جہلم کے سات مختلف پارکوں اور جی ٹی روڈ پر واقع گرین بیلٹس کی بحالی اور خوبصورتی کے لیے بڑے پیمانے پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جاری مہم کے دوران پارکوں، سبزہ زاروں اور گرین بیلٹس کی صفائی ستھرائی، پودوں اور درختوں کی سائنسی بنیادوں پر کٹائی اور تزئین و آرائش کے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو صاف، سرسبز اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔

پی ایچ اے انتظامیہ کے مطابق فیلڈ اسٹاف کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے اور کام کی رفتار میں اضافہ کرنے کے لیے عملے کو جدید مشینری اور ضروری آلات بھی فراہم کر دیے گئے ہیں۔

سنیہ صافی کا کہنا تھا کہ پی ایچ اے جہلم کو ایک سرسبز، خوبصورت اور ماحولیاتی لحاظ سے مثالی ضلع بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارکوں اور گرین بیلٹس کی بہتری نہ صرف شہریوں کو تفریحی مواقع فراہم کرے گی بلکہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور صحت مند ماحول کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔

شہری حلقوں نے پی ایچ اے کے آپریشنز کے آغاز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان اقدامات سے جہلم کے پارکوں، شاہراہوں اور سبزہ زاروں کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوگا اور عوام کو بہتر تفریحی اور ماحولیاتی سہولیات میسر آئیں گی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button