وزیر اعلیٰ پنجاب کے اقدامات سے عوامی مسائل حل ہو رہے ہیں، بلال اظہر کیانی

دینہ: بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عوام کی بہتری کے لیے دن رات کام کر رہی ہیں، جس کے باعث پنجاب میں واضح تبدیلی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ سابقہ حکومت نے صحت اور تعلیم جیسے اہم شعبوں کو نظر انداز کیا اور عوام کو صرف جھوٹی تسلیاں دی گئیں۔
گزشتہ روز چیئرمین ٹاسک فورس اور ایم این اے بلال اظہر کیانی نے دینہ رورل ہیلتھ سنٹر کی نئی بلڈنگ کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے بہترین اقدامات کی بدولت ہسپتالوں، تعلیمی اداروں اور دیگر عوامی شعبوں میں مثبت تبدیلیاں آ رہی ہیں۔ دینہ رورل ہیلتھ سنٹر کی نئی بلڈنگ لاہور اور اسلام آباد کے ہسپتالوں کے معیار کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صاف ستھرا پنجاب پروگرام کا آغاز ہو چکا ہے، جس کا مقصد دینہ اور جہلم سمیت دیگر شہروں کو بھی لاہور اور اسلام آباد کی طرز پر صاف ستھرا بنانا ہے۔ رورل ہیلتھ سنٹر دینہ کی تعمیر کا کام 5 فروری تک مکمل ہو جائے گا، جس کے بعد یہاں بہترین سہولیات اور ماحول فراہم کیا جائے گا۔
بلال اظہر کیانی نے عوام سے کیے گئے وعدوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دوسرے مرحلے میں رورل ہیلتھ سنٹر کو تحصیل ہیڈکوارٹر میں تبدیل کرنے پر کام شروع کیا جائے گا۔
تجاوزات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد کسی کا روزگار ختم کرنا نہیں ہے۔ تجاوزات کے مسئلے میں تمام ریڑھی بانوں کو سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنا روزگار کما سکیں۔
اس موقع پر تقریب میں سی ای او ہیلتھ جہلم میاں مظہر حیات، سابق ایم پی اے مہر محمد فیاض، ڈپٹی ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ارشاد تونیو، سابق چیئرمین بلدیہ دینہ شیخ اکرام الٰہی، راجہ لیاقت علی، ماسٹر چوہدری محمد اکرم، ناظم کیانی، سابق نائب ناظم ملک وقار، الیاس ڈار، میاں عتیق، حافظ وسیم انور، میاں آصف، میاں صہیب الحسن، چوہدری فیصل، قاضی نثار، راجہ ساجد نواز، چوہدری سلطان سمیت دیگر کونسلرز اور شہریوں کی کثیر تعداد شریک تھی۔



