بیوٹیفیکیشن منصوبہ تاجروں کیلئے دردِ سر، کاروبار متاثر، ہڑتال کی کال، انتظامیہ کا کام تیز کرنے کا حکم

پنڈدادنخان مین بازار میں جاری بیوٹیفیکیشن منصوبہ تاجروں کے لیے شدید مشکلات کا باعث بن گیا ہے، جہاں ماڈل بازار کی تعمیر کے باعث کاروباری سرگرمیاں تقریباً معطل ہو کر رہ گئی ہیں اور گاہکوں نے مین بازار کا رخ کرنا بھی کم کر دیا ہے۔

حالیہ بارشوں کے بعد مین بازار دلدل کا منظر پیش کر رہا ہے، ہر طرف کیچڑ اور پانی جمع ہونے سے نہ صرف آمدورفت متاثر ہو رہی ہے بلکہ شہریوں اور تاجروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

دکانداروں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے دکانوں کے سامنے لگے ٹرپال اور شیڈ ہٹا دیے گئے ہیں جس کے باعث سخت دھوپ میں کاروبار کرنا مشکل ہو گیا ہے۔

تاجروں نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر ماڈل بازار کی تعمیر کی جا رہی ہے تو متبادل سایہ دار جگہ کا بندوبست کیا جائے تاکہ کاروبار جاری رہ سکے۔ صدر مرکزی انجمن تاجران چوہدری زبیر جمیل نے اس صورتحال پر سخت ردعمل دیتے ہوئے مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دے دی ہے۔

دوسری جانب حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان عائشہ شفقت نے بیوٹیفیکیشن منصوبے کا دورہ کیا اور جاری کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

دورے کے دوران آئیسکو اور سول کنٹریکٹرز کو سائٹ پر متحرک کر دیا گیا تاکہ بجلی کی تنصیبات اور تعمیراتی کاموں کی رفتار تیز کی جا سکے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام کام مقررہ معیار کے مطابق اور بروقت مکمل کیے جائیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ ڈپٹی کمشنر کی ہدایات کے مطابق منصوبے کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انتظامیہ کے مطابق شہر کی تزئین و آرائش اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے یہ منصوبے عوامی مفاد کے لیے ہیں اور انہیں مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، تاہم تاجروں کی مشکلات کے حل کے لیے بھی اقدامات زیر غور ہیں۔

Exit mobile version